کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو نصرت سحر عباسی نے وقفہ دعا میں ہی سیاسی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈو آدم کے بلدیاتی انتخابات کے دوران دھاندلی کی گئی، فشیریز ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے سوالات پر نثار کھوڑو اور نصرت سحر عباسی کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
ایم کیو ایم کی ارم عظیم فاروقی نے ایئر کنڈیشنز تیز چلنے کی شکایات کی تو اسپیکر سندھ اسمبلی نے انہیں جیکٹ پہن کر آنے کا مشورہ دے دیا۔
مسلم لیگ ن کی سورٹھ تھیبو نے وزیر اعلیٰ سندھ کے لئے ہیلی کاپٹر کی خریداری پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ایک وقت کی روٹی میسر نہیں، سندھ حکومت 5 ارب روپے مالیت کا ہیلی کاپٹر خرید رہی ہے، جس پر آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ اتنے پیسوں میں تو بحری جہاز آ جائے۔
مسلم لیگ فنکشنل اور مسلم لیگ ن کے اراکین ایک اور توجہ دلاؤ نوٹس کی اجازت نہ ملنے پر اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے اجلاس پیر کی صبح تک ملتوی کر دیا ہے۔