کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر شہلا رضا نے کہا کہ وفاقی اپنی انتقامی سیاست پر مبنی پالیسی تبدیل کرے۔ کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں پر وفاقی حکومت ذمہ دار ہے۔
ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے کہا کہ کے الیکٹرک کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے ، اس کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ جان و مال کی حفاظت کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ فنکشنل لیگ کے شہریار مہر نے کہا کہ حکمران اچھے اچھے الفاظ استعمال کر کے عوام کو دھوکا نہیں دے سکتے، عوام کو بہکانے کا وقت گزر چکا ہے۔
وزیر صحت جام مہتاب ڈہر نے کہا کہ عوام آپ کو مسترد کر چکی ہے۔ سینئر وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ ان کی کارکردگی پر انگلی اٹھانے والے پانچ برس اتحادی رہے ، میثاق جمہوریت پر مشرف کے بعد شہریار مہر کو سب سے زیادہ چِڑ ہے۔ اس جملے کے بعد شہریار مہر ، اپوزیشن ارکان نے احتجاج اور شورشرابہ شروع کر دیا۔
اس موقع پر تحریک انصاف ، فنکشنل لیگ اور ن لیگ کے ارکان بھی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور ایوان میں شور شرابے سے کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی ۔ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اپوزیشن ارکان کو اپنا رویہ درست کرنے کے لیے وارننگ دی۔