کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2015 کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما سکندر میندرو نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2015 ایوان میں پیش کیا جس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے فنکشنل لیگ نے یونین کونسل کی حد بندی کے نوٹی فکیشن کے اجرا میں بھی ترامیم پیش کیں جسے ایوان نے مسترد کردیا جس کے بعد ایوان نے بل پر مختصر بحث کے بعد اسے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
بل کے متن کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو حاصل ہو گا اور ہر شہری آزادانہ حیثیت میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے سکے گا جب کہ یونین کمیٹیوں اور یوسیز کو وارڈ میں تقسیم کیا جائے گا۔ یوسیز، یونین کمیٹیز اور وارڈ کی حدبندی ریونیو بلاک کے مطابق تحصیل کے اندر ہی ہو گی۔
ایوان میں ترمیمی بل پیش کرنے والے رکن اسمبلی سکندر میندرو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل کی حدبندی کا اختیار حکومت کا ہے جب کہ الیکشن کمیشن کو محدود وقت کے لئے اختیار دیا گیا ہے اور بل کی منظوری کے بعد بلدیاتی انتخابات نئی حد بندیوں کے تحت ہوں گے۔