سندھ اسمبلی اجلاس، اپوزیشن نے تیس سال کا ملبہ حکومت پر ڈال دیا

Sindh Assembly

Sindh Assembly

کراچی (جیوڈیسک) شرجیل میمن نے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے، فیصل سبزواری کہتے ہیں حکومت دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے، ساتھ کھڑے ہوں گے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس سپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ ایک حساس موضوع ہے۔ حکومتی اقدامات سے ٹارگٹ کلنگ میں کمی آئی ہے۔

دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ شاید حکومت کی مجبوری ہوتی ہے کہ سب کچھ اچھا ہے کہا جائے۔ حکومت دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے، ساتھ کھڑے ہیں ۔ متحدہ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بدترین ہو چکی ہے۔

موجودہ اسمبلی کے تین ارکان شہید ہو چکے ہیں۔ بتایا جائے سندھ حکومت امن و امان کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے۔ اسمبلی اجلاس میں مسلم لیگ فنکشنل کی نصرت سحر عباسی نے کہا کہ سندھ میں ریاست کی کوئی رٹ نہیں، نوجوانوں کی لاشیں ملنے کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔