کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی نے رواں سال کے اجلاس کے سو دن مکمل کرلئے ، ایم کیو ایم کے ارکان کا لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاج اور شور شرابہ ، سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا ۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس سپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔
سپیکر نے ارکان سے کہا کہ آج ایوان نے 100 پارلیمانی دن مکمل کرلئے ۔ مستقل حاضر رہنے والے ارکان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ ایوان میں کبھی بدمزگی بھی ہوجاتی ہے ۔ سندھ اسمبلی پاکستان میں مثبت لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے ۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے ارکان نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاج شروع کردیا اور نعرے بازی کی ۔ ایوان میں شور شرابہ شروع ہوگیا ۔ ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نے کہا کہ ہمارے سیکڑوں کارکنان کو لاپتہ کیا گیا ہے ۔ سپیکر نے کہا کہ آپ لوگوں کا رویه درست نہیں ، کل بھی آپ نے یہی رویہ اختیار کیا تھا۔
لاپتا کارکنان اور منتخب نمائندوں کو ہراساں کرنے پر ایم کیو ایم ارکان نے احتجاج جاری رکھا اور سپیکر کی ڈیسک کے سامنے جمع ہوگئے اور ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا ۔ سپیکر نے کہا کہ آپ میری بات نہیں مانیں گے میں بھی آپکی بات نہیں مانوں گا ۔ اس کے بعد سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا۔