کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی ریکوزیشن پر سندھ اسمبلی کا اجلا س جاری، ایم کیو ایم کے تین اور پیپلز پارٹی کے ایک نومنتخب رکن نے حلف اٹھا لیا۔ سندھ اسمبلی کی اپوزیشن پارٹی ایم کیو ایم کی ریکوزیشن پر سندھ اسمبلی کا اجلاس چالیس منٹ تاخیر سے اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہوا۔ ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی ایوان میں بروقت پہنچ گئے تھے۔
لیکن پیپلزپارٹی کے ارکان نہیں پہنچے۔ اجلاس وقت مقررہ دس بجے شروع نہیں ہوا تو ایم کیو ایم کے اراکین نے ایوان میں احتجاج کیا اس کے بعد اجلاس شروع ہوا۔ ایم کیو ایم کے تین نومنتخب ارکان عبدالرف صدیقی، محمد حسین اور ڈاکٹر ظفر کمالی اور پیپلز پارٹی کے عابد حسین بھئیو نے حلف اٹھایا۔
اسمبلی کی کوریج کرنے والے صحافیوں نے نجی ٹی وی چینل کا کیمرہ اور دیگر سامان چھنیے جانے کے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ وزیر اطلاعات شرجیل میمن کی جانب سے اقدامات کی یقین دہانی پر صحافیوں کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔