کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2013 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ ایم کیو ایم نے ترمیمی بل کی مخالفت جبکہ مسلم لیگ نون، فنکشنل اور تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے بل پر غور کے لیے وقت نہ ملنے پر اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے قائم مقام اسپیکر سیدہ شہلا رضا کی صدارت میں شروع ہوا۔ اسمبلی میں سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2013 پیش کیا گیا تھا تو اپوزیشن جماعتوں نے بل پر غور کے لیے وقت دینے کا مطالبہ کیا، وقت نہ ملنے پر مسلم لیگ نون، فنکشنل اور تحریک انصاف نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ ایم کیو ایم کے اراکین کی مخالفت کے باوجود کثرت رائے سے ترمیمی بل کو منظور کر لیا گیا۔
ایم کیو ایم نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو بل پر غور کے لیے وقت نہیں دیا گیا۔ جلد بازی میں بل منظور کرانا پیپلز پارٹی کا وطیرہ رہا ہے۔ اجلاس میں سندھ اسمبلی کے لیے بنائے گئے نئے قواعد و ضوابط کو بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔