کراچی (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان کشیدگی کے اثرات سندھ اسمبلی میں دونوں جماعتوں کے ارکان پر بھی پڑے ہیں۔ مسلم لیگ نواز نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو علیحدہ نشستوں کیلئے درخواست دے دی ہے۔
(ن) لیگ کے پارلیمانی سیکرٹری عرفان اللہ مروت کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوریت دشمن جماعت ہےجو جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے۔ سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے سندھ اسمبلی کے ارکان کو کل اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔
جہاں سیاسی اور تنظیمی امور پر بات چیت متوقع ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خرم شیر زماں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف سے الگ بیٹھنے کی درخواست دو ہفتے قبل ان کے اپوزیشن لیڈر کو سپورٹ نہ کرنے پر دی گئی ہے۔ عرفان اللہ مروت نے اپوزیشن لیڈر بننے کے لئے ہماری بہت منت کی لیکن تحریک انصاف نے مسلم لیگ فنکشنل کا ساتھ دیا۔