کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں حکومتی ارکان نے ہنگامہ آرائی کے دوران اپوزیشن کے خلاف مذمتی تحریک منظور کرالی۔
ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے آغاز پر سینئیر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے اپوزیشن کے رویئے کے خلاف مذمتی تحریک پیش کی جس میں کہا گیا کہ اپوزیشن نے اسپیکر اور ایوان کے تقدس کا احترام نہیں کیا، اپوزیشن نے اسپیکر اور ایوان کے تقدس کا احترام نہ کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑیں۔
اس موقع پر مسلم لیگ فنکشنل، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نثار کھوڑو کی تحریک آؤٹ آف ٹرن ہے ، پہلے ایجنڈے میں شامل معاملات پر بات کی جائے تاہم ڈپٹی اسپیکر نے ان کا احتجاج رد کرتے ہوئے تحریک پر رائے شماری کرادی جس پر اپوزیشن ارکان نے واک آؤٹ کردیا اور ان کے خلاف تحریک منظور کرلی گئی۔
مذمتی تحریک منظور کئے جانے کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما محمد حسین نے اسپیکر کے خلاف مذمتی تحریک پیش کی جسے مسترد کردیا گیا جس پر ایم کیو ایم کے ارکان نے بھی احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کردیا۔