کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر، تزین اور آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے تاہم اراکین اسمبلی کیلئے نئی عمارت میں 25 ہزار سکوائر فٹ رقبہ پر محیط دیدہ زیب ایوان تیار کر لیا گیا ہے۔
جس کی تزین و آرائش کیلئے ترکی اور دیگر ممالک سے خصوصی طور پر قالین اور دیگر اشیاء منگوائی گئی ہیں۔ نئے ایوان میں 168 اراکین اسمبلی کیلئے خصوصی طور پر آرام دہ نشستیں بھی لگائی گئی ہیں۔
ایوان میں 300 سے زائد نشستوں کیلئے گنجائش رکھی گئی ہے۔ سندھ اسمبلی کی نئی عمارت چار ارب 65 کروڑ روپے کی لاگت سے رواں سال کے اختتام تک مکمل تیار کر لی جائے گی۔ ایوان کی تیاری مکمل ہونے پر سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے نئی عمارت کا دورہ کیا۔
اور انتظامات کا جائزہ لے کر منگل سے اجلاس نئے ایوان میں منعقد کرنے کا اعلان کیا جس پر اراکین نے مسرت کا اظہار کیا۔ سندھ اسمبلی کی نئی عمارت میں گورنر سندھ ڈپلومیٹس کیلئے خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
وزیٹرز اور صحافیوں کیلئے دو فلورز پر 200 سے زائد نشستیں رکھی گئی ہیں جبکہ نئی اسمبلی کی عمارت میں آنے والے افراد کی سہولت کیلئے خود کار سیڑھیاں بھی لگائی گئی ہیں۔