سندھ اور بلوچستان میں 1 گھنٹے کے دوران دہشتگردی کی 3 وارداتیں

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) سندھ اور بلوچستان میں ایک گھنٹے کے دوران دہشت گردی کی تین وارداتیں ہوئی ہیں۔ کشمور میں پولیس چوکی پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا، ڈیرہ مراد جمالی میں فائرنگ کرکے ڈی پی اوکو زخمی کر دیا گیا جبکہ شکارپور میں مسافر کوچ پر فائرنگ سے ایک مسافر جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ ڈی پی او نصیرآباد علاوالدین کوئٹہ جانے والی مسافر گاڑیوں کے قافلے کی قیادت کر رہے تھے، قافلہ جیسے ہی ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے نوتال پہنچا تونامعلوم مسلح افراد نے ڈی پی او کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ سے ڈی پی او نصیرآباد علاوالدین ٹانگوں میں دو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے، حملہ آور کارروائی کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ادھر کشمور میں سندھ بلوچستان کے سرحدی علاقے بھٹائی کالونی کی پولیس چوکی آر ڈی 36 پر مسلح افراد نے راکٹوں سے حملہ کیا، حملے میں پولیس چوکی کو نقصان پہنچا، واقعے کے بعد پولیس اور حملہ آوروں میں ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ملزمان کی گرفتاری کیلئے سندھ بلوچستان کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کردیے گئے ہیں، شکارپور میں بھی دہشت گرد کارروائی کی گئی، یہاں قومی شاہراہ پر لکھی غلام شاہ کے قریب مسلح افراد نے مسافر کوچ پر فائرنگ کی، گولیوں کی زد میں آکر 6 مسافر شدید زخمی ہوئے، زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔