کراچی (جیوڈیسک) سندھ کابینہ میں شامل ہونے والے 4 نئے وزراء نے حلف اٹھا لیا۔ نئے وزراء کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اُن سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
حلف اٹھانے والوں میں ناصر حسین شاہ، سہیل انور سیال، جام اکرام دھاریجو اور باری پتافی شامل ہیں۔
نئے وزراء کے حلف اٹھانے کے بعد سندھ کابینہ کے ارکان کی تعداد 18 ہوگئی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے نثار کھوڑو اور اعجاز شاہ شیرازی کو مشیر مقرر کیا ہے۔
نئے حلف اٹھانے والے وزراء اور مشیروں کے قلمدان کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ناصر شاہ نےگھوٹکی میں ہونے والے ضمنی انتخابات سے قبل اپنی وزارت سے استعفیٰ دیا تھا جب کہ سہیل سیال بھی پیپلز پارٹی کے پچھلے دور حکومت میں صوبائی وزیر داخلہ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔