کراچی (جیوڈیسک) سندھ کابینہ نے مدارس کی رجسٹریشن کے بل کا مسودہ منظور کر لیا ، پندرہ دن کے اندر مشیر قانون مرتضی وہاب کی سربراہی میں کمیٹی رجسٹریشن کے لیے قانون کو اسمبلی میں پیش کرے گا ۔ سندھ کابینہ نے سندھ آرمز ایکٹ کی بھی منظوری دے دی۔
سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہوا ۔ اجلاس میں صوبائی وزرا اور مشیروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کے بل کا مسودہ منظور کر لیا گیا ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ پندرہ دن کے اندر مشیرقانون مرتضی وہاب کی سربراہی میں کمیٹی رجسٹریشن کے لیے قانون کو اسمبلی میں پیش کرے گی۔
مشیر قانون مرتضی وہاب کے ساتھ ڈاکٹر قیوم اور مدارس کے اہم علماء بھی ہوں گے ۔ اجلاس میں سندھ ٹرانسپرنسی اور اطلاعات تک رسائی کا ایکٹ بھی منظور کیا گیا جبکہ سوشل ویلفیئر ترمیمی آرڈیننس کی بھی منظوری دی گئی۔
ترمیمی آرڈیننس کے تحت این جی اوز اور فلاحی اداروں کی کارکردگی اور انکے اکاونٹس کا آڈٹ کیا جا سکے گا۔ سندھ کابینہ نے سندھ آرمز ایکٹ کی بھی منظوری دی۔