سندھ حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے جس سے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اعتماد بحال ہو سکے
Posted on September 8, 2013 By Tahir Webmaster لاہور
لاہور : وزیر اعظم محمدنواز شریف کی زیر صدارت ہفتہ کو رائے ونڈ جاتی عمرہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف, وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار, وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، ڈائریکٹر جنرل رینجرز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل رینجرز نے بھتہ خوری، اغوائ، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی صورتحال پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔
جس پر وزیر اعظم نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو حالات سے نمٹنے کیلئے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اصولی موقف کے تحت سندھ حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرینگے تاکہ کراچی کے شہریوں پر حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا اعتماد بحال ہو سکے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کومزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف کراچی کے شہریوں کیلئے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائیں بلکہ سکیورٹی انتظامات میں موجود خلاء کو بھی دورکیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہاہے کہ غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی سمز کو آپریٹرز کی مشاورت کے ساتھ بند کرنے کیلئے حتمی لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نوازشریف نے اعلی عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں قوانین میں ضروری ترامیم کی بھی ہدایات جاری کیں۔