وزیر اعلیٰ سندھ و کمشنر کراچی سے کورنگی میں نوگو ایریا کے خاتمے کا مطالبہ

Karachi

Karachi

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر سندھ کونسل پی ایس 123 کورنگی کے صدر اعظم خان درانی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور کمشنر کراچی شعیب صدیقی سے کورنگی نمبر5½ عید گاہ اکبری گرائونڈ پر گذشتہ 4ہفتوں سے غیر قانونی جمعہ بازار لگانے والے آرگنائزر کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی نے مورخہ10-03-2015 کو اس گرائونڈ پر بازار لگانے کا اجازت نامہ / NOC کینسل کر دیا تھا لیکن اس بازار کا آرگنائزر اتنا طاقتور ہے کہ اس نے ڈپٹی کمشنر کورنگی کے احکامات کو ماننے سے انکار کر دیا اور NOC کینسل ہونے کے باوجود گذشتہ 4ہفتوں سے اس مقام پر غیر قانونی جمعہ بازار لگا رہا ہے اور حیرت کی بات یہ ہے کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ ڈپٹی کمشنر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنر ، SSP کورنگی اور SHOعوامی تھانہ پوری انتظامیہ اس کے آگے بے بس نظر آتی ہے بلکہ اس آرگنائرز نے اس گرائونڈ کو ڈسٹرکٹ انتظامیہ کیلئے نوگو ایریا بنا دیا ہے۔

اعظم خان درانی نے مزید کہا کہ جب اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی سے بات کی جاتی ہے تو ان کا جواب یہ ہوتا ہے کہ میں نے آرگنائزر کے خلاف اہلیان علاقہ اور بازار کے اسٹال ہولڈرز کی جانب سے موصول ہونے والی متعدد درخواستوں پر انکوائری کروائی اور بازار آرگنائزر کو وارننگ جاری کی لیکن اس کے باوجود آرگنائزر کی طرف سے قواعد و ضوابط کی مسلسل خلاف ورزیاں ہوتی رہیں اور اسی کو بنیاد بنا کر میرٹ کی بناء پر اجازت نامہ/ NOC کینسل کر دی ۔ اب بیورو آف سپلائی پرائسز کی اجازت سے یہ بازا رلگایا جا رہا ہے۔

اعظم خان درانی نے کہا کہ جبکہ قانونی طور پر علاقہ ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر کوئی بھی بچت بازار نہیں لگایا جا سکتا اور کوئی دوسرا ادارہ بغیر ڈپٹی کمشنر کی NOC کے بازار لگانے کی اجازت دینے کا اختیار نہیں رکھتا ۔ اعظم خان درانی نے وزیر اعلیٰ سندھ اور کمشنر کراچی سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس غیر قانونی جمعہ بچت بازار کی تحقیقات کرا کے اس کے خاتمے کیلئے فوری طور پر مناسب اور ضروری کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ قانون کی عملداری اور حکومتی رٹ کو قائم کیا جا سکے۔