وزیر اعلیٰ سندھ کی 3 روزہ صفائی مہم کچرا کنڈی کی نظر ہوگئی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کی 3 روزہ صفائی مہم کچرا کنڈی کی نظر ہوگئی ،ڈپٹی کمشنرز ،4 ،4 کروڑ کی گرانٹ استعمال نہ کرسکے ،شہر کے 3 ضلعی بلدیاتی اداروں کے سربراہان کی تبدیلی کا امکان ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے رواں سال 2016ء میں دوسری بار صفائی مہم کا اعلان کیا اور دوسری 3 روزہ صفائی مہم بھی پہلی مہم کی طرح دم توڑ گئی اور کراچی کے 6 اضلاع سے کوڑے کرکٹ کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکا۔

جبکہ 20 جون 2016ء کو وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈی ایم سیز کے ایڈمنسٹریٹرز پر عدم اعتماد کرتے ہوئے 6 اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو سیوریج سسٹم کی درستگی اور صفائی وستھرائی کے لئے 4،4 کروڑ کی گرانٹ دی تھی لیکن ڈپٹی کمشنرز مالی سال کے اختتام پر ٹینڈرز کرنے میں ناکام رہے اور یہ گرانٹ جو کہ ہر ضلع کے لئے 4 کروڑ تھی واپس چلی گئی اور شہر میںسیوریج مسائل کے ساتھ ساتھ صفائی کے کام نہ ہوسکے۔

جبکہ ڈی ایم سیز اور کے ایم سی میں ایڈوانس کام کروانے کی روائت بھی برقرار ہے لیکن ڈپٹی کمشنرز بلدیاتی امور کا تجربہ نہ رکھنے کے باعث ہر ضلع میں 4کروڑ کی گرانٹ کو عوامی مسائل کے حل اور شہر کی ترقی کے لئے استعمال نہ کرسکے ۔اب کراچی کی صورتحال یہ ہے کہ کراچی میں کچرا نہیں بلکہ کچرے پہ کراچی آباد ہے عوام مسائل سے دوچار اور شہر کھنڈرات میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔