کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے علماء کرام کے دو وفود نے ملاقات کی۔ ایک وفد میں علامہ عباس کمیلی، صاحبزادہ حامد رضا، مولانا ناظر عباس جبکہ دوسرے وفد میں قاری عثمان، مفتی محمد ندیم، مولانا راحت علی ہاشمی، مولانا محمد سلفی اور دیگر شامل تھے۔
ملاقات میں شہر قائد میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر گفتگو ہوئی جبکہ علماء کی جانب سے ملیر 15 اور نمائش چورنگی سے گرفتاریوں پر اظہار تشویش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندہ نے پولیس کو گرفتار تمام افراد کو رہا کرنے کی ہدایت کر دی۔
علماء نے فیصل رضا عابدی کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ سید مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ اگر وہ اسلحے کا لائسنس دکھا دیں تو انہیں بھی چھوڑ دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مولانا مرزا یوسف بھی اپنی ضمانت کرائیں۔ ملاقات میں آئی جی سندھ، مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو اور مشیر مذہبی امور بھی موجود تھے۔