کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ حکومت نے صوبے کے ہر شہری کے لیے کورونا ویکسی نیشن کو لازمی قرار دے دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے اس دوران صوبے کے ہر شہری کے لیے کورونا ویکسین کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں چند اہم اقدامات کے ذریعے اپنے شہریوں کو محفوظ رکھنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو صوبے کے ہر مقام پر ویکسی نیشن کی سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دیہی علاقوں میں کم از کم 300 بنیادی یونٹس قائم کیے جائیں جنہیں ویکسی نیشن سینٹرز قرار دیا جائے جہاں روزانہ کی بنیاد پر 30 ہزار شہریوں کی ویکسی نیشن کی جائے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو تحصیل کی سطح پر موبائل ویکسی نیشنز ٹیمیں بھی بنانے کی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 605 تحصیل ہیں جہاں روزانہ لازمی 60 ہزار لوگوں کی ویکسی نیشن کی جائے جب کہ نجی اسپتالوں کو بھی یہ حکم دیا جائے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر 10 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کریں۔
وزیراعلیٰ نے وزیر صحت کو ہدایت دی کہ وہ مزید نجی اسپتالوں کو ویکسی نیشن کے لیے رجسٹرڈ کریں۔