سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں درسگاہیں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ عصمت انور

PML-N

PML-N

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنماء عصمت انو رمحسود نے اپنے ذاتی خرچ سے بلدیہ گرلز اینڈ بوائز پرائمری اسکول عظیم پورہ شاہ فیصل کالونی میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے حوالے سے طلباء و طالبات کا دیرینہ مسئلہ حل کرادیا ،اسکول میں پانی کا مسئلہ حل کرانے پر اسکول کے طلباء و طالبات اور اساتذہ نے مسلم لیگ(ن) کے رہنماء عصمت انور محسود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی علم دوست کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔عصمت انور محسود نے مسلم لیگ(ن) کے یوسی 14کے نو منتخب کونسلر دائود خان کے ہمراہ اسکول کا دورہ کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنماء عصمت انور محسود نے کہاکہ سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں درسگاہیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں حکمرانوں کو مستقبل کے معماروں کی کوئی پرواہ نہیں شہر قائد کے بیشتر اسکولوں میں پینے کا پانی ،روشنی کے انتظامات اور ٹوائلٹ تک موجود نہیں ہے یہ ستم ظریفی نہیں تو اور کیا ہے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سندھ میں حکومت نام کی کسی شہ کا وجود ہی نہیں ہے۔

مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنماء عصمت انور محسود نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکولوں اور کالجوں میں بچوں کو بنیادی سہولیات میسر کئے جائیں ہنگامی بنیادوں پر اسکولوں اور کالجوں کا سروے کرا یا جائے سہولیات کی عدم دستیابی کو دور کرکے مستقبل کے معماروں کو بہتر سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی تعلیم پر سکون ماحول میں انجام دے سکیں۔