کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو نے سندھ ثقافتی فیسٹول کے لئے وزیراعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت سیاسی قائدین کو دعوت نامے جاری کر دیئے، اے این پی اور ایم کیو ایم نے دعوت قبول کرلی۔
یکم فروری کو شروع ہونے والے سندھ ثقافتی فیسٹول کی موہنجو داڑو میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے بلاول بھٹو نے ملک کے ممتاز سیاسی قائدین کو دعوت نامے جاری کر دیئے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز، تحریک انصاف کے قائد عمران خان، اے این پی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ قائداعظم اور دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت کو باضابطہ دعوتی کارڈ کے ذریعے مدعو کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو کے میڈیا ایڈوائزر فواد چوہدری کے مطابق اے این پی نے دعوت قبول کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کے لئے شاہی سید کو نامزد کیا ہے جبکہ ایم کیو ایم کی نمائندگی فاروق ستار کریں گے۔
نواز شریف اور عمران خان کی طرف سے ابھی شرکت یا معذرت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔ بلاول بھٹو نے ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمائوں کو بھی افتتاحی تقریب میں مدعو کیا ہے۔