اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات بحث و مباحثے سے ہی ختم کرنے چاہئیں، سندھ کی ترقی کے لئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر کام کریں۔
اسلام آباد میں خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل اور عبدالرشید گوڈیل پر مشتمل متحدہ قومی موومنٹ کے 4 رکنی وفد نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملک میں امن و امان بالخصوص کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن، کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی صورت حال، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان حالیہ خلیج اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پرمکمل ہوں گے۔ سندھ کی ترقی کے لئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکر کام کریں، ملکی ترقی اور عوامی بھلائی کے لئے اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، آئین تمام جمہوری قوتوں کو مناسب پلیٹ فارم پر بحث و مباحثے کی گنجائش دیتا ہے۔
سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات بات چیت سے ہی ختم کرنے چاہئیں، گزشتہ چند ماہ کے دوران ملک میں جمہوریت کی بہترین مثال دیکھنے کو ملی، جمہوری قوتوں نے ملک میں جمہوریت کی بالادستی کے لئے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعظم نے کراچی کے اہم ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے خواجہ سعد رفیق، ڈاکٹر فاروق ستار، آصف کرمانی اور سینئیر بیوروکریٹس پر مشتمل کمیٹی قائم کی بھی ہدایت کی۔