سندھ ترقی پسند پارٹی کی اپیل پر صوبے کے مختلف شہروں میں ہڑتال

Sindh

Sindh

حیدر آباد (جیوڈیسک) سندھ کی ممکنہ تقسیم کے مطالبے کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی اپیل پر صوبے کے مختلف شہروں میں ہڑتال کی گئی۔ سندھ کی ممکنہ تقسیم کے مطا لبے کے خلاف صوبے میں ہڑتال کی اپیل سندھ ترقی پسند پارٹی نے کی تھی۔

جمعے کو سندھ کے بیشتر شہروں میں ہفتہ وار تعطیل بھی ہوتی ہے۔ ہڑتال کے اعلان پر حیدر آباد کے بعض علاقوں میں جمعے کو کھلنے والی دکانیں بھی بند رہیں۔ مشتعل افراد نے سڑک پر ٹائر جلائے اور نعرے لگائے۔ جام شورومیں لیاقت اور مہران یونیورسٹی میں تدریسی عمل بھی معطل رہا۔

نواب شاہ میں سندھ ترقی پسند پارٹی نے ’’سندھ میری ماں‘‘ کے عنوان سے احتجاجی ریلی نکالی۔ ضلع نواب شاہ کے دیگر شہروں میں بھی ہڑتال کی وجہ سے دکانیں ، ہوٹل بند اور پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر رہی۔

سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی جمعے کو کھلنے والے کاروباری مراکز بند رہے۔ بدین اور تھر پارکر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ۔ٹنڈو محمد خان ، جیکب آباد، کندھ کوٹ اور شکارپور سمیت کئی علاقوں میں پیٹرول پمپ بند اور سڑکوں پر ٹریفک انتہائی کم رہا۔