شادی لارج (جیوڈیسک) سابق صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ میں نے متحدہ قومی مومنٹ سے متعلق چند سال قبل جو انکشافات کیے تھے آج وہ درست ثابت ہو رہے ہیں، میرا اور میرے خاندان کا جینا مرنا پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے۔ شادی لارج شہر میں عبدالغفور کپری کی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ آج سے چند سال قبل میں نے متحدہ قومی مومنٹ کے متعلق جو بھی کہا تھا
وہ آج بالکل درست ثابت ہو رہا ہے، ذولفقار مرزا نے کہا کہ سندھ کے غیرت مند عوام کے ہوتے ہوئے کوئی بھی مائی کا لال ہماری ماں سندھ دھرتی کو تقسیم نہیں کر سکتا، سندھ کی تقسیم سے ملکی سالمیت کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے جو کسی بھی صورت میں سود مند نہیں ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا اور انکے خاندان کے افراد کا جینا مرنا پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے اور پیپلز پارٹی شہید رانی کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہے اور متحد رہے گی۔