لاہور (جیوڈیسک) محمود الرشید سمن آباد لاہور میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے پانچ ہزار جرمانہ کرنے پر دل کا دورہ پڑنے والے سبزی فروش متوفی بشیر کے گھر گئے اور اس کے لواحقین سے تعزیت کی۔ اس موقعہ پر ان کا کہنا تھا کہ بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا بشیر جیسے محنت کشوں پر نزلہ گرتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بلواسطہ اور بلاواسطہ بھتہ لیتے ہیں۔ وزیر اعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف کو بشیر کی ہلاکت کا نوٹس لے کر کارروائی کرنی چاہئیے۔
انہوں نے بتایا کہ متوفی بشیر کے معاملہ پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا کار جمع کرا دی ہے۔
محمود الرشید کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم 6 ماہ قبل حکومت میں تھی تب اسے سندھ کی تقسیم کا خیال نہیں آیا یہ سب پرویز مشرف کو بچانے کے لئے ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خیبر پختون خوا میں سٹکچرل اور پنجاب میں کاسمیٹک تبدیلیاں لا رہے ہیں۔