لاڑکانہ (جیوڈیسک) صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ میں بجلی کاٹنے والوں کو گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے، عمران خان اور طاہر القادری کو انتخابات کے دن کو احتجاج کا دن نہیں بنانا چاہیے،عمران خان سے یہ توقع نہیں تھی، جبکہ طاہر القادری کو لوگ آج بھی غیر ملکی کہتے ہیں، یہاں ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور اسپتالوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، اسکولوں سمیت تمام سرکاری اداروں پر بجلی کے واجبات کے حوالے سے واپڈا سے رابطہ کیا گیا ہے، بجلی کی پیداوار کا اختیار وفاق کے پاس ہے لیکن بجلی کی تقسیم صوبائی حکومت کا معاملہ ہے، سندھ میں بجلی کے بحران کے آخری حل کے لئے بجلی کاٹنے والوں کو گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلیوں کے خلاف احتجاج کرنا چاہیے، لیکن انتخابات کے دن احتجاج درست نہیں، کوئی جمہوریت پر حملہ کرنے کا خیال بھی دل میں نہ لائے، اس لئے عوام کو ووٹ کے ذریعے فیصلے کا حق دینے اور جمہوریت کی بحالی کے لئے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے اپنی جان کی قربانی دی، انہوں نے کہا کہ 2008 کے عام انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ کو بھی چوری کیا گیا لیکن ہم نے جمہوریت کی مضبوطی کے لئے دل پر پتھر رکھ کر مخلوط حکومت بنائی اور جمہوری اداروں کو 18 ویں ترمیم کے ذریعے مضبوط کیا۔