کراچی (جیوڈیسک) سندھ بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔
کراچی میں تین لاکھ 67 ہزار 606 طلبہ و طالبات سائنس اور جنرل گروپ کے امتحانات دیں گے۔
امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کے تحت فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں بند رہیں گی۔
صرف کراچی میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے لئے 365 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں جن میں 202 نجی اسکول اور 163 سرکاری اسکول شامل ہیں، طالبات کے لئے 167 اور لڑکوں کے لئے 198 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔
نویں کلاس سائنس گروپ کے امتحانات میں ایک لاکھ 58 ہزار 680 طلبہ و طالبات جب کہ دسویں کلاس میں ایک لاکھ 63 ہزار 371 امیدوار شرکت کریں گے، جنرل گروپ کے امتحان میں 45 ہزار 555 امیدوار شریک ہوں گے۔
سکھر تعلیمی بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں ایک لاکھ 7 ہزار 774 طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں، بورڈ انتظامیہ کی جانب سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔