موئن جو دڑو (جیوڈیسک) سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے سندھ فیسٹول کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ افتتاحی تقریب کے لئے موئن جو دڑو کے آثار قدیمہ میں اسٹیج سجا دیا گیا ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے سندھ فیسٹیول کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
افتتاحی تقریب سندھ کے پانچ ہزار سال قدیم تاریخی ورثے موئن جو دڑو میں ہو گی۔ سندھ فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور ان کی مشیر شرمیلا فاروقی سمیت پانچ سو سے زائد اہم شخصیات خصوصی پاس کے ذریعے لکڑی اور لوہے سے بنائے گئے 80 فٹ چوڑے اور 60 فٹ لمبے اسٹیج تک پہنچیں گے۔
سندھ بھر سے فنکارسندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے لوک گیت گائیں گے جبکہ محکمہ آثار قدیمہ کی اہم شخصیات یہاں نصب کئے گئے بجلی کے پول اور رنگ برنگی لائٹس کی روشنی میں موئن جو دڑو کی تاریخ پر روشنی ڈالیں گی۔
سیکورٹی حکام کی جانب سے تقریب سے پہلے عام افراد کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور افتتاحی تقریب دیکھنے کے لئے تقریب کی جگہ کے باہر ایک اسکرین لگائی جائے گی۔ موئن جو دڑو اور اس کے اطراف میں پانچ ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہل کار تعینات ہوں گے۔