سکھر (جیوڈیسک) سندھ میں ممکنہ سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کراچی میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں صوبہ سندھ کے سیکریٹری بحالیات روشن علی شیخ ، ڈی جی پی ڈی ایم اے ، میٹ آفس ، اورمحکمہ آبپاشی کے افسران نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ سیلابی پانی بارہ ستمبر سے سندھ میں داخل ہو گا۔
تخمینہ ہے کہ چھ لاکھ کیوسک سے زائد پانی سندھ سے گذرے گا۔ چار لاکھ کیوسک پانی سے کچے کا علاقہ ڈوب جاتا ہے اس لئے لاڑکانہ اور سکھر کے کچے کے نشیبی علاقے خالی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
کہا گیا ہے کہ چھ لاکھ کیوسک بغیر کسی پریشانی کے گذار لیا جا سکتا ہے۔ تاہم سیلابی ریلہ گذرتے وقت اپر سندھ میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔ اس مو قع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے بتایا کہ کچے کی مجموعی آبادی 26 لاکھ ہے۔ ہنگامی صورتحال سےنمٹنے کے لئےادویات پہنچا دی گئی ہیں۔ متعلقہ محکموں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔