راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ مستقبل میں سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی۔
راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میری زندگی کا مقصد نالہ لئی منصوبہ ہے، یہ منصوبہ بنے گا تو اردگرد کے لوگ سکون سے رہیں گے جب کہ لئی ایکپسریس کی تعمیر سے لوگوں کی زندگی بدل جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تعلیم کے لیے بہت کام کیا اورکررہے ہیں، ایک یونیورسٹی بناچکے اور ایک بنارہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی حکومت بنائی ہے، اب وہ سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے، مستقبل میں سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی۔
وزیر داخلہ نے سندھ میں لاک ڈاؤن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کرکے یہ اپنا نقصان خود کریں گے، عمران خان کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو ساری دنیا نے سراہاہے، عمران خان کے اقدام کو کاپی کریں تو کوئی ہرج نہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ ن سے ش نکلے گی، یہ بھی کہا تھا کہ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی زیادہ اور (ن) کم نشستیں لےگی، الیکشن وقت پر ہوں گے، پی ٹی آئی روز بروز بہتر پوزیشن میں آرہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نور مقدم کیس کے ملزموں کو کسی قیمت پر نہیں چھوڑیں گے جب کہ افغان سفیر کی بیٹی سے متعلق چاروں ٹیکسی ڈرائیوروں سے تحقیق کی، چاروں ڈرائیور محنت کش ہیں ، ٹیکسی ڈرائیوروں کوغربت کے باعث چھڑوا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض طاقتیں پاک چین تعلقات اور سی پیک کوخراب کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن ناکام ہوں گی، کوئی طاقت پاک چین تعلقات خراب نہیں کرسکتی، پاکستان اور چین کے تعلقات ہمالیہ سے بلند ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ بارڈر سیکیورٹی ہمارے پاس ہے اور ہم اسے دیکھ رہے ہیں جب کہ افغانستان پر وزارت خارجہ بہتر مؤقف دے سکتی ہے۔