سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو کی قیادت میں آل پاکستان مسلم لیگ کا اعلیٰ سطحی تنظیمی اجلاس

کراچی : سازشی عناصر جھوٹے الزامات اور بے بنیاد کیسز کے ذریعے مشرف کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکیں گے اور انشاء اللہ انہی عدالتوں سے مشرف تمام کیسز میں باعزت بری ہوکر قوم کے سامنے سرخرو ہوں گے۔ آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو کی صدارت میں ہونے والے تنظیمی اجلاس میں سندھ کے ایڈمن اینڈ فائنانس سیکریٹری شاہد قریشی، ممبر سندھ آرگنائزنگ کمیٹی ایڈوکیٹ منظور بھٹہ، محتشم تھانوی، اسلم مینائی، نجمہ مینائی، رئیس دیدار خان اور آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم بھٹو نے کہا کہ مشرف کا پیغام سب سے پہلے پاکستان عوام تک مؤثر انداز سے پہنچانے کیلئے اے پی ایم ایل کے تمام کارکنوں اور مشرف کے سپاہیوں کو تنظیمی نظم و ضبط کو مضبوط کرنا ہوگا اور سندھ کے ہر کونے و قریئے تک مشرف کے پیغام کو پہنچانے کیلئے عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رکنیت سازی کی رفتار بھی تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی قوت سے آئندہ انتخابات میں آل پاکستان مسلم لیگ سب سے بڑی قومی سیاسی قوت بن کر سامنے آئے کیونکہ اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ مشرف کا دور پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دور تھا۔

پاکستان کی سلامتی و بقا اور عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشرف کو پھر سے اقتدار میں لانا ضروری ہے کیونکہ مشرف جیسا دیانتدار وبہادر قائد ہی ملک و قوم کو دہشتگردی و عدم تحفظ سمیت تمام مسائل و مصائب اور بحرانوں سے نجات دلاسکتا ہے۔