کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس میں شریک اکیس میں سے سترہ جماعتوں نے گیارہ مئی کو پولنگ اسٹیشنز اور بوتھ پر فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا ۔پیپلز پارٹی، اے این پی اور ایم کیو ایم خاموش رہیں ۔آل پارٹیز کانفرنس میں اکیس سیاسی جماعتیں شریک ہیں۔
کانفرنس کی صدارت نگراں وزیراعلی سندھ زاہد قربان علوی نے کی ۔ چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ اور دیگرحکام بھی شریک تھے۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی۔
انہوں نے انتخابات سے قبل اور انتخابات کے روز امن و امان کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانفرنس سے خطاب میں مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام ، جماعت اسلامی اورسنی تحریک سمیت سترہ جماعتوں کے رہنماں نے الیکشن کے روز پولنگ اسٹیشنز اور پولنگ بوتھ پر فوج کو تعینات کرنے کا مطالبہ کر دیا تاہم اس دوران پیپلز پارٹی ،اے این پی اور ایم کیو ایم خاموش رہیں۔