کراچی (جیوڈیسک) مہلت ختم ہوئے ایک دن گزر گیا مگر کراچی میں رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں سندھ حکومت نے ابھی تک توسیع نہیں کی اور اب یہ معاملہ الجھ کر رہ گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کی سمری پچھلے ہفتے منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجی تھی جو ابھی تک منظور نہیں کی گئی۔ اگست میں رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کی شق 4 کے تحت 4 ماہ کیلئے خصوصی اختیارات دئیے گئے تھے۔ تب بھی سندھ حکومت کو تحفظات تھے مگر بعد میں منظوری دے دی گئی تھی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کہتے ہیں کہ کراچی میں اس وقت رینجرز کی تعیناتی کو قانونی تحفظ حاصل نہیں ہے۔ انہیں سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ سندھ حکومت اختیارات دینے پر راضی نہ ہوئی تو رینجرز کو واپس بلوا لیں گے۔ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت رینجرز کو تلاشی، چھاپے، گرفتاری اور شر پسند عناصر کو کنٹرول کرنے کے لئے ہتھیار استعمال کرنے اور کسی ملزم کو 90 روز تک تفتیش کے لئے تحویل میں رکھنے کا اختیار دیا گیا۔