لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے آج سہ پہر ایم کیو ایم کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ اعلامیہ کے مطابق متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا، اجلاس میں آج ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کراچی میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنماں کے درمیان ہونے والی ملاقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہنگامی اجلاس میں متفقہ طور پر طے کیا گیا کہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان، حق پرست ارکان سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلی، ایم کیو ایم کے تمام شعبہ جات، کراچی کے تمام سیکٹروں، ریزیڈنٹس کمیٹیوں اور حیدرآباد سمیت اندرون سند ھ کے تمام زونوں کے انچارجز وجوائنٹ انچارجز کا ہنگامی اجلاس بروز پیر پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے نائن زیرو کراچی طلب کر لیا جائے۔
جس سے قائد تحریک الطاف حسین براہ راست خطاب کے علاوہ پیپلزپارٹی سے اتحاد کرنے یا نہ کرنے کے سلسلے میں اجلاس میں شریک نمائندگان کے ذریعہ سندھ بھر کے کارکنان وعوام کی آرا بھی لیں گے، یاد رہے کہ اتوار کے روز پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو باضابطہ طور پر حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی اور ایم کیو ایم نے حکومت میں شمولیت رابطہ کمیٹی اور کارکنوں کے مشورے سے مشروط کر دی ہے۔