سندھ حکومت کو حملے کے بارے میں مارچ میں بتا دیا تھا، چودھری نثار کا انکشاف

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری چودھری نثار علی نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ حکومت کو مارچ میں بتا دیا تھا کراچی ائیرپورٹ کے کس گیٹ سے حملہ ہو سکتا ہے۔ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کراچی ائیر پورٹ پر حملے کے وقت ساری رات خود چودھری نثار اسکرین سے غائب تھے وہ عہدے پر رہنے کے قابل نہیں۔

چودھری نثار علی خان قومی اسمبلی میں کراچی ایئرپورٹ حملے کے حوالے سے پالیسی بیان دے رہے تھے کہ اس دوران اپوزیشن ارکان نے دوسرے حملے کے بارے میں وزیر داخلہ کو آگاہ کیا مگر وزیر داخلہ ٹس سے مس نہ ہوئے اور خطاب جاری رکھا جس پر ارکان نے شور مچایا۔ شاہ محمود قریشی نے باقاعدہ کھڑے ہو کر حملے کی اطلاع دی جس پر اسپیکر کو مداخلت کرنا پڑی۔ حملے کے حوالے سے اپنی کم علمی چھپانے کے لیے انہوں نے واقعات کی تفصیلات سے ہٹ کر قومی اسمبلی میں سیاسی تقریر شروع کر دی اور پھر انہوں نے سارا ملبہ سندھ حکومت پر ڈال دیا۔

چودھری نثار کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی ائیر پورٹ پر حملے کے وقت ساری رات خود چودھری نثار اسکرین سے غائب تھے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ واقعے کے فوری بعد ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ فوری طور پر موقعے پر پہنچے تھے۔