سندھ حکومت کا ساحلی ضلع ٹھٹھہ کو تقسیم کرنے کا منصوبہ

Government Sindh

Government Sindh

کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت کی جانب سے ضلع ٹھٹھہ کو تقسیم کرکے نئے ضلع سجاول کے لئے تمام کاغذی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں، تین روز میں نوٹیفکیشن بھی جاری ہونے کا امکان ہے۔ ادھر جئے سندھ محاز کی جانب سے بلائی آل پارٹیز کانفرنس میں ضلع ٹھٹھہ کی تقسیم کو مسترد کردیا گیا۔ سندھ حکومت ذرائع کے مطابق نئے ضلع سجاول کی تشکیل کے لیے تمام کاغذی کارروائیاں مکمل ہوگئیں اور 72 گھنٹے میں نوٹی فکیشن جاری ہوجائے گا۔

ذرائع کے مطابق نیا ضلع سجاول چھ تعلقوں پر مشتمل ہوگا جس میں دونئے تعلقہ دڑو اور تعلقہ چوہڑ جمالی بھی قائم کیے جارہے ہیں جبکہ ایک نئے تعلقہ بھنبھور کا اضافہ کیا جارہا ہے جو دھابیجی سمیت قرب و جوار کے علاقوں پر مشتمل ہوگا۔ ادھر ضلع ٹھٹھہ کو تقسیم کر کے نئے ضلع سجاول کے قیام کے خلاف جئے سندھ محاذ کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس ہوئی۔

جس میں شیرازی گروپ، قومی عوامی تحریک، پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ، سندھی ادبی سنگت سمیت مختلف سیاسی اور سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے شرکا نے متفقہ طور پر نئے ضلع سجاول کے قیام کو مسترد کرتے ہوئے 10 اکتوبر کو ٹھٹھہ میں دھرنا دینے کا اعلان کیا۔