کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سندھ لیبر فیڈریشن کے صوبائی چیئرمین سید بھاشانی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت تاجر برادری کے تحفظات کو دور کرے ، تاجر برادری مشکلات کا شکار ہے اور صوبہ سندھ میں بیروزگاری کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے ،کرونا وائرس سے بچاءو کی احتیاطی تدابیر اور اقدامات کے ساتھ تاجر برادری کے مسائل کو حل کیا جائے، حکومت سندھ وفاقی حکومت کے خلاف بیان بازیاں اور انگلیاں اٹھانے کی بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دے ، وزیراعظم عمران خان سے استعفی طلب کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ، پوری دنیا جانتی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جس طریقے سے تیزی سے بڑہتے ہوئے کرونا وائرس کے معاملات کوکنٹرول کیا ہوا ہے وہ قابل ستائش ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی رہائش گاہ سے جاری کرد ہ بیان میں کیا، سید بھاشانی شاہ کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں میں عوام کو فائدہ نہیں ہوا لیکن حکمرانوں نے خو ب فائدے اٹھائے، اپوزیشن ایک صاف نیت انسان کیخلاف فضول باتیں کرنے کی بجائے وزیراعظم عمران خان کے جذبے کوسراہے ، چینی اور گندم کے حوالے سے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کو پبلک کرنا حکومت کی خوداحتسابی کی زندہ مثال ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ مانگنے والے ذرا اپنے ماضی میں جھانکیں جن کا ماضی کرپشن کی داستانوں سے بھرا ہوا ہے،ماضی کی حکومتوں نے اپنے وزیروں کو نوازا اور خود بھی دل کھول کر لوٹ مار کی لیکن تحریک انصاف کی حکومت میں ایسا کچھ نہیں ہوسکتا ، عمران خان کی حکومت میں عوام کو فائدہ ہوگا ، تحریک انصاف کی حکومت عوامی حکومت ہے جو ہر حال میں اپنی عوام کی بہتری اور خوشحالی کو مقدم جانتی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لئے اقدامات کر رہے ہیں اور جو بھی عوام کے لیئے پریشانی کا سبب بنے گا اس کے خلاف حکومت بھرپور کاروائی کریگی۔