کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے سندھ حکومت کو مردم شماری میں مداخلت سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے سندھ کا گورنر اس شخص کو ہونا چاہئے جو سندھ کے مسائل جانتا ہو۔
متحدہ قومی موومنٹ کے تحت نارتھ ناظم آباد میں ہونے والے کراچی والے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں فاروق ستار اورمیئر کراچی وسیم اختر نے شرکت کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے مردم شماری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت ، سینسس کمیشن ، فوج اور سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ حکومت کو مردم شماری میں دخل اندازی سے روکے ۔
فاروق ستار کا کہنا تھا مردم شماری وفاق کا کام ہے لیکن سندھ حکومت زبردستی اس میں ناک کھسیڑ رہی ہے ، فاروق ستار نے مزید کہا کہ مینڈیٹ کی نفی کرنا جمہوریت سے انکار کرنا ہے ،گورنر سندھ سے متعلق سوال پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ کا گورنر سندھ کا پڑھا ہوا، یہاں کے مسائل کو سمجھتا ہو۔