کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ حکومت نے شہروں اور صوبوں کے درمیان چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کر دی۔
سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ پر ایک ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق سندھ میں شہروں کے اندر بھی بس، منی بس، کوچز اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہے۔
دریں اثنا سہراب گوٹھ پولیس نے کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے اندورن ملک آنے اور جانے والی بسوں اور کوچز کے سہراب گوٹھ بس ٹرمینل کو سربمہر کردیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 9 مسافر کوچز کو ضبط کرکے 9 ڈرائیورز سمیت 15 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سہراب گوٹھ پر بس اڈہ پولیس اور بس اڈہ کے ملازمین و ڈرائیورز کے درمیان جھگڑا ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ چلائی جارہی تھی، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے شیلنگ کی، پولیس نے موقع سے گیارہ بسیں ضبط جبکہ ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایس ایچ او سہراب گوٹھ انسپکٹر عبدالرسول سیال نے ایکسپریس کو بتایا کہ جمعہ کی صبح کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس کی نفری انٹرسٹی بس اڈے پر پہنچی تو ملازمین و ڈرائیورز نے پولیس کا گھیراؤ کرلیا جس پر مزید نفری طلب کی گئی، ڈرائیورز نے بسیں چلانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے انھیں منع کیا ، نہ ماننے پر صورتحال کشیدہ ہوگئی جس کے باعث پولیس نے شیلنگ کی اور مظاہرین کو منتشر کردیا۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ہنگامہ آرائی کے الزام میں ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے گیارہ بسیں بھی ضبط کر لی ہیں۔
واضح رہے کہ نوٹی فکیشن کے مطابق بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر 8 سے 16 مئی تک پابندی لگائی گئی ہے۔