کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے غیر ملکی امداد سے شروع ہونے والے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پر نااہلی کا اعتراف کر لیا۔ فنڈز کے اجرا میں غیر ضروری تاخیر سے اہم ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں۔ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے وزیر اعلی سندھ کو سمری بھیج دی۔
محکمہ منصوبہ بندی اور ترقیات کی جانب سے وزیر اعلی سندھ کو بھیجی گئی سمری کے مطابق غیر ملکی امداد مل جانے کے باوجود محکمہ فنانس غیرملکی امداد سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کا دس سے تیس فیصد فنڈ بلاجواز تاخیر سے جاری کرتا ہے۔ سمری میں وزیر اعلی سندھ سے مطالبہ کیا گیا ہے۔
ترقیاتی منصوبوں کے صوبائی فنڈز کا اجرا سال میں دوبارہ کیا جائے کیونکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے ملنے والی غیرملکی امداد صوبائی حکومت کے فنڈز کے اجرا سے منسلک کر دی گئی ہے۔ متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز سے غیر ملکی امداد سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی مفصل رپورٹ بھی پندرہ جولائی تک طلب کر لی گئی ہے۔