کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اورنگی ٹاون کے علاقے چشتی نگر کے کارکن محمد شاہد اور ہمدرد سلیم شہباز کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹائون میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل اور دہشت گردی کے واقعات حکومت سندھ پر ایک سوالیہ نشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قتل اور دہشت گردی کے تسلسل کے ساتھ ہونے والے واقعات کے باوجود اب تک قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا ، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ قتل اور دہشت گردی کے ان واقعات پر مسلسل بے حسی کامظاہرہ کررہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے کارکن محمد شاہد اور ہمدرد سلیم شہباز کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے محمد شاہد اور شہباز کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ سکھر میں جے یوآئی (ف) سندھ کے سیکرٹری جنرل خالد محمود کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ خالد محمود کے قتل کا فوری نوٹس لیا جائے ، قتل سندھ کے حالات خراب کرنے کی سازش کا حصہ ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سکھرکے علاقے کھوسہ گوٹھ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکرٹری جنرل خالد محمود کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کی سخت مذمت کی ہے اور واقعے کو سندھ کے حالات خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے خالد محمود کے تمام سوگوار لواحقین، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور جے یو آئی کی قیادت و کارکنا ن سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور کہا کہ دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم ان کے ساتھ ہے ۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خالد محمود شہید کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور قتل کی واردات میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ جے یو آئی (ف) سندھ کے سیکرٹری جنرل خالد محمود کے بہیمانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور قتل کی واردات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے سندھ کے خلاف سازش کو بے نقاب کیا جائے۔