کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخاب کیلئے دی گئی چوتھی تاریخ میں ایک ماہ کی تخفیف کر دی۔ صوبائی حکومت مارچ کے بجائے فروری دو ہزار سولہ میں کرانے کیلئے تیار، سندھ حکومت نے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کو نئی تاریخ سے متعلق آگاہ کر دیا۔
چیف سیکرٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ سندھ بلدیاتی انتخاب فروری دو ہزار سولہ میں کرانے کیلئے تیار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے نئی تاریخ کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کر دیا ہے ۔ بلدیاتی قوانین میں الیکشن کمیشن کی طرف سے نشاندہی کے بعد خامیاں دور کر دی ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے پہلے 27 نومبر 2013 پھر7 دسمبر 2013 کی تاریخ دی گئی جس کے بعد صوبائی حکومت نے اٹھارہ جنوری دو ہزار چودہ کو بلدیاتی انتخاب کرانے کا کہا۔ سندھ کی جانب سے چوتھی مرتبہ مارچ دو ہزار سولہ میں انتخاب کرانے کی تاریخ دی گئی جس میں اب ایک ماہ کی تخفیف کر دی گئی ہے۔