اسلام آباد (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے پاکستان اسٹیل خریدنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل کی زمین سوئی سدرن گیس کو دینے پرغور شروع کردیا۔
سندھ حکومت نے پاکستان اسٹیل کی زمین کی لیز ختم کرنے کی دھمکی دی ہے۔ سینٹرتاج حیدر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت شرائط طے کئے بغیرپاکستان اسٹیل نہیں لے سکتی، کاغذ کے ایک ٹکڑے پر پاکستان اسٹیل نہیں لے سکتے۔
تاج حیدر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت پاکستان اسٹیل کی پیش کش کے ساتھ شرائط کی وضاحت بھی کرے، وفاقی حکومت پاکستان اسٹیل کی زمین سوئی سدرن گیس کمپنی کو دےرہی ہے، سندھ حکومت نے یہ زمین پاکستان اسٹیل کے لئے دی تھی پلاٹ بنا کر بیچنے کے لئے نہیں۔
تاج حیدر نے دھمکی دی کہ اگر حکومت نے زمین ایس ایس جی پی ایل کو دی تو اس زمین کی لیز ختم کر دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت 37 ارب روپے کے پاکستان اسٹیل کے ذمے واجبات کے عوض زمین سوئی سدرن کو دینا چاہتی ہے۔