کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے یوم عاشور کے بعد پولیو سے متاثرہ 11 یوسیز میں کریش پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو سےمتعلق اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف سمیت دیگر نمائندگان نےبھی شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم عاشور کے بعد پولیو سے متاثرہ 11 یونین کونسلز میں انسداد پولیو کے لیے کریش پروگرام شروع کیا جائے گا جبکہ کراچی میں سکیورٹی خدشات کے باعث پولیو ٹیموں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پولیس فورس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو ایس ایس پی کی سربراہی میں 700 اہلکاروں پر مشتمل ہوگی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پولیو وائرس کو دہشت گردوں کے برابر خطرناک سمجھتی ہے اور اس کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔