کراچی (جیوڈیسک) سندھ میں رینجرز اختیارات میں توسیع پر ردعمل دیتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
ہم وہ نہیں جو مخالفت میں فیصلہ آنے پر عدالتوں پر دھاوا بول دیں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں لیکن وفاقی حکومت سندھ اسمبلی کے اختیارات سے انحراف کر رہی ہے۔ سندھ حکومت کو رینجرز پر اعتماد ہے لیکن اعتراض صرف وفاق پر ہے۔
صوبوں کیخلاف پیدا کی گئی فضاء کے اثرات وفاقی حکومت پر مرتب ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ ادارے اور صوبے اگر اختلافات سے بچ جائیں تو اس میں کیا برائی ہے۔ آئینی اور قانونی معاملے میں مشاورت ہو سکتی ہے۔