کراچی (جیوڈیسک) کراچی سندھ حکومت نے کل سے حیدر آباد سمیت صوبے بھر میں ٹارگٹڈ آپریشن کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ یہ تاثر نہ دیا جائے کہ ٹارگٹڈ ایکشن کسی ایک جماعت کیخلاف ہو رہا ہے۔ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کا امن حکومت کیلئے سب سے زیادہ اہم ہے۔ کسی ایک جماعت کیخلاف ٹارگٹ آپریشن کا تاثر درست نہیں۔ ہم دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو توڑنا چاہتے ہیں۔
حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں ٹارگٹ آپریشن کل شروع ہوگا۔ غیر قانونی ہتھیاروں کی برآمدگی کیلئے صوبے بھر میں آپریشن ہو گا۔ ہتھیاروں کی نمائش پر فوری پابندی لگا دی گئی ہے تاہم لائسنس یافتہ اسلحہ بھی چھپا کر پاس رکھا جا سکتا ہے۔ 12 اکتوبر تک شہری غیر قانونی اسلحہ جمع کر وا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں کل سے انٹر نیٹ سروسز بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
کیونکہ دہشتگرد اور جرائم پیشہ عناصر اپنی سرگرمیوں کیلئے سماجی ویب سائٹس کا اسمتعمال کر رہے ہیں۔ وائبر اور سکائپ سمیت دیگر سماجی ویب سائٹس کی سروسز 3 ماہ کیلئے بند کر دیں گے۔ نیٹ ورک سروسز کی بندش پر عوام سے معذرت خواہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سمز بند کروانے کیلئے وفاق سے رابطہ کرینگے۔