سندھ ہائیکورٹ: سابق چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کی گرفتاری پر حکومت سے جواب طلب

Sindh High Court

Sindh High Court

کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے فشر مین کو آپریٹو سوسائٹی کے سابق چیئرمین نثار مورائی کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے نثار مورائی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

رینجرز کے وکیل نے سندھ ہائی کورٹ میں اپنے جواب میں کہا ہے کہ نثار مورائی پر ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اسلحہ سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات کے تحت رینجرز نے انہیں گرفتار کر کے 16 مارچ کو 90 روزہ ریمانڈ حاصل کیا۔سنگین الزامات پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

جبکہ نثار مورائی کے وکلاء کا کہنا تھا کہ نثار مورائی کو 10 مارچ کو گرفتار کیا گیا اور 16 مارچ کو عدالت پیش کر کے 90 روزہ نظر بندی حاصل کی گئی رینجرز نے انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا اس لیے رینجرز سے پانچ کروڑ روپے ہرجانہ دلوایا جائے۔

عدالت نے رینجرز کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر پیراوائز جواب جمع کروایا جائے جبکہ عدالت نے وفاقی حکومت سے بھی نثار مورائی کی اسلام آبادسے گرفتاری کے حوالہ سے سات جون تک جواب طلب کر لیا ہے۔