سندھ ہائیکورٹ کا عدالتوں کی سیکیورٹی پر اظہار عدم اطمینان

Sindh High Court

Sindh High Court

کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے امور کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی روم سندھ ہائی کورٹ میں اجلاس منعقد ہو ا۔

اجلاس میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے 9ججز، ایڈیشنل ہوم سیکریٹری ،اے آئی جی لیگل علی شیر جاکھرانی ،پراسیکیوٹر جنرل سندھ شیر محمد شیخ، اے ٹی سی کےرجسٹرار ، ممبر انسپکشن ٹیم عبداللہ چنا سمیت دیگر اعلٰی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ججز نے عدالتوں کی سیکیورٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اے آئی جی اور ہوم سیکریٹری کو ججز اور عدالتوں کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں پولیس کو مقدمات میں گواہان کو عدالتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ یہ ہدایت بھی کی گئی کہ زیر التوا مقدمات کا جائزہ بھی لیا جائے کہ وہ کیوں التوا کا شکار ہوئے ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پراسیکیوشن عملے کی فوری تعیناتی کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں حکومت سندھ کو تجویز دی گئی کہ عدالتوں کا انفرا اسٹرکچر بہتر بنایا جائے ۔عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کو بھی جلد ازجلد نمٹانے کی ہدایت کی گئی ۔