کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے اندرون سندھ بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف 20 درخواستیں نمٹا دیں۔ سندھ ہائی کورٹ نے سندھ کے مختلف اضلاع میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف دائر کی جانیوالی بیس درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کی۔
عدالت نے ان درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ 24 گھنٹے میں 18 ستمبر 2015 کے فیصلے کے مطابق حلقہ بند یوں پر نظر ثانی کی جائے، عدالت نے مزید ہدایت کی کہ 19 نومبر کے الیکشن شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہئے۔
ایم کیو ایم، مسلم لیگ ن، مسلم لیگ فنکشنل اور سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کی جانب سے بلدیاتی حلقہ بندیوں سے متعلق درخواستین دائر کی گئی تھیں۔
درخواستیں میر پورخاس، حیدرآباد، قسم آباد، ٹنڈوآدم، ٹنڈوالہٰ یار، سانگھڑ، ٹنڈو جام اور نو کوٹ کی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف تھیں۔