کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ نے سڑکوں پر لگائی گئی رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے صوبائی حکومت سے 22 اکتوبر کو رپورٹ طلب کرلی۔سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ندیم اختر اور جسٹس آفتاب پر مشتمل دورکنی بینچ نے سڑکوں پر رکاوٹیں اور تجاوزات سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر حکومت سندھ نے اپنی رپورٹ میں موقف اختیار کیا کہ ضلع جنوبی میں غیر ملکی سفارتخانوں کی وجہ سے سڑکوں پر بیریئرز لگائے گئے ہیں ،جن کا مقصد سفارتخانوں کے حفاظت ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی جانب سے غیر ملکی سفارتخانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ ضلع جنوبی میں لگائے گئے بیریئرز اور رکاوٹوں پر شہریوں کو بھی کوئی اعتراض نہیں جس پر عدالت نے اپنے حکم پر کہا کہ سیکیورٹی کے لئے سڑکیں بند نہیں کی جا سکتیں۔ اپنی سیکیورٹی کے لئے اپنی حدود میں جتنی رکاوٹیں لگانی ہے لگا سکتے ہیں۔ عدالت نے تمام رکاوٹیں ہٹاکر 22 اکتوبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔