کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے سزائے موت کے منتظر ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا کی پھانسی روکنے کے حوالے سے دائر درخواست نمٹادی۔
صولت مرزا کی ہمشیرہ سمیرا وجاہت کی جانب سے اپنے بھائی کی پھانسی روکنے کے حوالے سے درخواست کی سماعت جسٹس عبد الغفور میمن کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سزا یافتہ صولت مرزا کی پھانسی کے لئے بلیک وارنٹ جاری کئے ہیں اور صولت مرزا کی پھانسی کے لئے 19 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے تاہم صولت مرزا کی سزائے موت کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک متفرق درخواست زیر التوا ہے لہٰذا اعلیٰ عدالت کا فیصلہ آنے تک پھانسی کی سزا پر عمل درآمد موخر کیا جائے۔
درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ معاملہ درخواست کے طور پر ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ دونوں سے مسترد کیا جاچکا ہے لہٰذا اگر کوئی متفرق درخواست سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے تو درخواست گزاروں کو وہیں رجوع کرنا چاہئے اور ہائی کورٹ اس حوالے سے کوئی فیصلہ یا رائے نہیں دے سکتی۔